کمٹہ9؍مئی (ایس او نیوز)شادی کا وعدہ کرکے اس کے ساتھ جسمانی تعلقات پیداکرنے اور نوجوان لڑکی کو حاملہ کرنے کے بعد اس سے دغا کرتے ہوئے کسی اور لڑکی سے شادی رچانے والے نوجوان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کی گئی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق اس طرح لڑکی کی زندگی برباد کرنے والے کا نام قادر شوکت شیخ (۳۰سال) ہے جو پیشے سے آٹو ڈرائیور ہے۔اس پر الزام ہے کہ گزشتہ ۲ سال سے کوجلّی کی ایک ۲۶سالہ لڑکی سے عشق کررہاتھا اور شادی کا وعدہ کرتے ہوئے اس کے ساتھ جسمانی تعلقات پیدا کررکھے تھے ، جس کے نتیجے میں وہ ۸ ماہ کی حاملہ ہوگئی ہے۔مبینہ طوراس نے لڑکی کو دھمکی دی تھی کہ یہ بات اگر کسی کو معلوم ہوئی تو وہ اس کا قتل کردے گا۔
جب والدین کو لڑکی کے حاملہ ہونے کا پتہ چلا توانہوں نے تحقیقات کی۔ اسی دوران لڑکے کے تعلق سے معلوم ہوا کہ وہ اسی مہینے یعنی 17مئی کو کسی اور لڑکی کے ساتھ شادی رچانے والا ہے۔اس دھوکہ دہی کے پیش نظر لڑکی کے والد عبدالکریم نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرتے ہوئے قادر شوکت شیخ کے خلاف سخت قانونی اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے معاملہ درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہے۔